اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) الیکشن کمیشن نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بیلٹ پیپرز کی فضائی راستے سے ترسیل شروع کر دی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق گوادر، پنجگور، کیچ اور خاران میں بیلٹ پیپرز ایئر لفٹ کئے جایں گے، خیبرپختونخوا کے علاقوں باجوڑ اور کرم ایجنسی میں بھی بیلٹ پیپرز کی ترسیل فضائی راستے سے ہوگی۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے بیلٹ پیپرز ہیلی کاپٹر اور سی ون تھرٹی کے ذریعہ بھجوائے جائیں گے۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی 3 نشستوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی آج سے شروع کر دی گئی۔ بلوچستان سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہوگئی، خیبر پختونخوا کے 90 فیصد ووٹوں کی طباعت مکمل ہوگئی ہے، پنجاب کے 90 اور سندھ کے 70 فیصد بیلٹ پیپرز کی چھپائی بھی مکمل ہے۔ ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صوبوں کو بیلٹ پیپرز کی ترسیل جاری ہے، قومی وصوبائی اسمبلیوں کے لئے 3 فروری تک مجموعی طور پر 26 کروڑ بیلٹ پیپرز شائع کئے جائیں گے۔