سانگھڑ( نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی صاحبزادہ آصفہ بھٹو نے کہا ہے کہ آٹھ فروری کو تیر پر نشان لگا کر بلاول کو وزیراعظم بنائیں اور اپنے حقوق کا تحفظ کریں ، غربت اور بے روزگاری کا ختم کریں ،پیپلز پارٹی عوام کے مسائل سے آگاہ ہے ،لوگ کرسی کیلئے لڑ رہے ہیں بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی عوام کیلئے لڑ رہی ہے ، پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو آپ کے مسائل کو بخوبی جانتی ہے اور ان کو حل کرسکتی ہے ۔سانگھڑ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے خواتین کیلئے بھرپور کام کیا، دوسری جماعتیں امیروں کو مزید امیر اور غریبوں کو مزید غریب کر رہی ہیں، ہم نے غریب اور بزرگوں کا ساتھ دیا۔ بلاول بھٹو عوام کیلئے کام کریں گے اور لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم مل کر پاکستان کی تقدیر بدلیں گے، لوگوں کے دکھ اور سکھ میں ساتھ کھڑے رہیں گے، بلاول بھٹو انشائ اللہ پاکستان کے وزیراعظم بنیں گے اور عام آدمی کی آواز بنیں گے۔ پہلے بے نظیر بھٹو غریب کی آواز تھیں، اب غریب کی آواز بلاول بھٹو زرداری بنیں گے۔ آصفہ بھٹو نے کہا کہ بلاول بھٹو کا وعدہ ہے کہ وہ کامیاب ہوکر جو دس نکاتی معاشی منشور دیاہے اس پر عمل کرینگے اور پیپلز پارٹی کا ماضی گواہ ہے کہ بھٹو خاندان نے پیپلز پارٹی نے عوام سے جو بھی وعدے کئے ہیں وہ پورے کئے ہیں چاہے وہ تنخواہوں میں دوگنا اضافہ ہو۔