سوات(نمائندہ خصوصی) قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ میں نے بہت غم دیکھے ہیں مگر میں عوام کا غم نہیں دیکھ سکتا ،ایک شخص نے خیبرپختونخوا کے عوام سے جھوٹے وعدے کئے اس کو اس کا حساب دینا ہوگا ،خیبرپختونخوا کے لوگ پیار کرنے والے ہیں پتہ نہیں اس فتنہ کا کیسے شکار ہوگئے ،بتایا جائے عوام سے جھوٹے وعدے کیوں کئے گئے ، نواز شریف پر جھوٹے مقدمات کیوں بنائے گئے ،میرے ساتھ دشمنی تھی تو اس کی سزا عوام کو کیوں دی گئی ، ہماری حکومت نہ جاتی تو خیبرپختونخوا میں کوئی بھی شخص بے روزگار نہ ہوتا ہر طرف خوشحالی ہی خوشحالی ہوتی۔سوات میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میں حیران ہوں کہ عوام اس شخص کے جھانسے میں کیسے آگئے جس نے کروڑوں نوکریوں اور لاکھوں گھروں کا وعدہ کیا تھا مگر بے روزگاری اور عوام کوبے گھر کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا اور نوجوانوںکے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ کی جگہ پٹرول بم دے دیئے اور شہداءکی یادگاروں پر حملے کروادیئے ۔ نواز شریف نے کہا کہ مجھے بتاﺅ یہاں جو ہزاروں کا مجمع بیٹھا ہوا ہے بتائے کہ پہلے کہتے تھے نواز شریف نکل نہیں رہا اور جب نکلا تو کہتے ہیں کہ یہ چوتھی بار وزیراعظم کیوں بننا چاہتا ہے نواز شریف کے دور میں بجلی سستی تھی ، گیس سستی تھی ، چینی سستی تھی میں نے ایک ایک چیز لکھی ہوئی ہے اگر نواز شریف سب چیزی سستی دے رہا تو اس فتنہ کو کیوں لے کر آئے دس سال اس صوبے میں جس کی حکومت میں رہی اس نے عوام کا کیا حال کیا صوبہ کا کیا حال کیا اگر دس سال مجھے گورنمنٹ ملی ہوتی اور میری گورنمنٹ توڑی نہ جاتی مجھے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نہ نکالا جاتا جھوٹے مقدمے نہ بنتے تو مجھے پورا یقین ہے اللہ کے فضل سے یہاں کوئی بندہ بے روزگار نہ ہوتا ہر بندہ عزت کی روٹی کما رہا ہوتا اس کے گھر میں روشنی کے چراغ جلتے چولہے جلتے بچے سکول جارہے ہوتے دوائیوں اور علاج کیلئے اپنی جائیداد نہ بیچنا پڑتی خوشحالی ہی خوشحالی ہوتی میں یہاں جھوٹ نہیں سچ بولنے آیا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ یقین رکھو اللہ پر جن کو پہلے آزمایا ہے ان کو آزمانا بار بار ٹھیک نہیں میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں ابھی امیر مقام نے جو باتیں کیں ہیں اور جن منصوبوں کی انہوں نے بات کی ہے ان پر نواز شریف ضرور عمل کرے گا اور ہماری ماضی کی حکومتیں اس کی گواہ ہیں کہ نواز شریف جو وعدہ کرتا ہے پورا کرتا ہے ۔ قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ میں آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ اگر آپ مسلم لیگ (ن) کو موقع دینگے تو خیبرپختونخوا کی تقدیر بدل دینگے لواری ٹنل میں چالیس سال سے سن رہا تھا کہ بن رہی ہے چالیس سال سے نہیں بنی ہم آئے ہم نے تیس ارب روپے خرچ کرکے لواری ٹنل کو مکمل کیا آج سردیاں ہوں یا گرمیاں برف باری ہو اور طوفان ٹریفک لواری ٹنل سے گزر کر لویئر دیر ، چترال اور دیگر علاقوں میں جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے عوام کی حالت پر ترس آتا ہے، عوام سے جھوٹے وعدے کیوں کیے؟ دھوکا دیتے شرم نہیں آئی؟نواز شریف نے کہا کہ 50 لاکھ گھروں میں سے کیا کسی ایک کو گھر ملا؟ ہزاروں لوگ بیٹھے ہیں، کسی ایک کو بھی گھر ملا؟ خیبرپختونخوا کے لوگ سادہ ہیں، انہیں دھوکہ کیوں دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بلیٹن ٹری کا وعدہ کیوں پورا نہیں کیا گیا؟ مجھ تو آج کہیں بلیٹن ٹری کا منظر نظر نہیں آیا۔ان کا کہنا تھا کہ آپ نے ایسے بندے کو کیوں اجازت دی کہ اس نے ملک کو اجاڑ دیا، اب وہ بل 20 ہزار روپے کا ہوگیا جو نواز شریف کے دور میں ایک ہزار روپے کا آتا تھا۔انہوں نے کہا کہ پہلے آپ کو چکر دیا گیا، آج مجھے نہ چکر دینا، ایسا نہ کہ لواری ٹنل ہم بنائیں، ووٹ کسی اور کو پڑے، خیبر پختونخوا کے لوگ ایسا نہیں کرتے، وعدہ کرو، آئندہ ایسا نہیں کریں گے۔نواز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اب دھوکے میں نہ آئیں، ہم اقتدار میں آئے تو عوام کی دہلیز پر تمام سہولتیں فراہم کریں گے۔قبل ازیں نواز شریف اور مریم نواز کا سوات جلسہ گاہ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ میں پورا رستہ دیکھتے آیا ہوں مجھے تو کوئی ون بلین ٹری کی سونامی نظر نہیں آیا، اس نے جذبات سے کھیل کر ووٹ لیا بعد میں نہ نوکری دی نہ کوئی ریلیف دیا، آپ ایک بندے کے جال میں پھنسے ، نئے پاکستان کے چکر میں آپ نے پرانا پاکستان بھی تباہ کردیا۔