اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف و ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ پارلیمان میں عوامی نمائندے قوم کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے ملکی اور قومی مفاد میں فیصلے کرتے ہیں،پارلیمان عوام کی امنگوں کا ترجمان اور قانون سازی کا سب سے مقدم ادارہ ہے،پارلیمان کا احترام اور اس کا تقدس برقرار رکھنا تمام سیاسی جماعتوں پر لازم ہے۔جمعرات کو عالمی یوم پارلیمان کے موقع پر پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پارلیمان عوام کی امنگوں کا ترجمان اور قانون سازی کا سب سے مقدم ادارہ ہے،پارلیمان کا احترام اور اس کا تقدس برقرار رکھنا تمام سیاسی جماعتوں پر لازم ہے،پارلیمان میں عوامی نمائندے قوم کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے ملکی اور قومی مفاد میں فیصلے کرتے ہیں۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ پارلیمان ترقی پسند اور روشن خیال قوتوں پر مشتمل ہے،پاکستان کی پارلیمان بین الاقوامی پارلیمانی یونین (آئی پی یو)اور دیگر بین الاقوامی پارلیمانی فرمز کا ایک سرگرم اور فعال ممبر ہے،پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ ملک میں پارلیمان کی مضبوطی اور جمہوریت کے فروغ کی خاطر دی گئی قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد عوام ذولفقار علی بھٹو اور دختر مشرق بےنظیر بھٹو پارلیمان کو ایک آزاد اور مضبوط ادارہ بنانے پر یقین رکھتی تھیں،پارلیمان کو مضبوط بنا کر ہی ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ پارلیمان جمہوریت کا ایک اہم ادارہ ہے جس کی مضبوطی ملک میں جمہوری عمل کا تسلسل اور ترقی کی ضامن ہوتی ہیں،موجودہ پارلیمان عوام کے مسائل کے حل کے لئے بھرپور قانون سازی کر رہی ہے۔سپیکر و ڈپٹی قومی اسمبلی کی آئی پی یو۔کو 133ویں سالگرہ پر مبارکباددی۔