سوات (نمائندہ خصوصی) چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی سیاست ختم کرنے کیلئے بہت سے لوگ آئے مگر وہ آج تاریخ کے کوڑہ دان پہنچ گئے اور نواز شریف اللہ کے فضل سے سرخرو ہوکر عوام کے درمیان موجود ہے ، نواز شریف جہاں جاتا ہے عوام کا سمندر امڈ آتا ہے ،کیا جلاﺅ گھیراﺅ خیبرپختونخوا کے عوام کا مقدر کیوں ہے ،عوام کیلئے نواز شریف کو آگ کے دریا سے گزر کر آیا ،نواز شریف کو بہت دکھ ملے مگر وہ جب عوام کے دکھ دیکھتا ہے تو اسے اپنے دکھ بھول جاتے ہیں ،مجھے اڈیالہ جیل کی بجائے ریسٹ ہاﺅس جانے کی پیشکش ہوئی مگر میں نے بی کلاس لے کر جیل کاٹی، آٹھ فروری کو ووٹ کا استعمال اس طرح کریں کہ یہ ایک پرچی نہیں آپ کی ترقی اور مقدر کی مہر ہے اور شیرپر مہر لگا کر نواز شریف کو کامیاب کروائیں تاکہ ترقی کا سفر وہی سے شروع کریں جہاں سے سازش کے تحت روک دیا گیا تھا ۔ سوات میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے اس نے نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کو سرخرو کیا ہے سوات والو آپ اسلام اور اللہ سے محبت کرنے والے لوگ ہو آپ نے سنا ہے عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے بہت لوگ آئے نواز شریف کی سیاست کو ختم کرنے کیلئے بہت لوگ آئے جنہوں نے سازشیں کیں اور کہا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی اور اب وہ کبھی واپس نہیں آئے گا اور اللہ نے مدد کی اور وہ لوگ تاریخ کے کوڑے دان میں پہنچ چکے ہیں اور نواز شریف اور آج بھی آپ کے درمیان ہے یہ سوات اور پاکستان کے عوام کی محبت نہیں تو اور کیا ہے ۔