کراچی(رپورٹ:مرتضی کے زلفی) دہرے فراڈ پر فلک ناز بلڈر کا پروجیکٹ سربمہر کر دیا گیا۔ کارروائی کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ کے حکم پر کی گئی۔ یہ باتیں سہارنپور کوآپریٹو ہاﺅسنگ سوسائٹی سرکاری کمیٹی انچارج کوآپریٹو سب انسپکٹر زین العابدین نے نمائندہنئی بات سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر کمیٹی کے رکن ریاض احمد و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوںنے بتایا کہ فلک ناز بلڈر کو نوٹس بھی دئے گئے تھے۔ نوٹس کے مطابق فلک ناز بلڈر نے دہرا فراڈ کیا ہے، یہ فراڈ ریونیو افسران کی ملی بھگت سے کیا گیا، سہارنپور سوسائٹی کی زمین پر فلک ناز ہارمونی پبلک سیل پروجیکٹ بنا کر بیچا جارہاہے اور عوام کو دھوک دیا جارہاہے جس پر کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ کے حکم پر سندھ کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ 2020 اور آرڈیننس 1982 کے تحت جاری کیا گیا،نوٹس میںکہا گیاہے کہ فلک ناز بلڈرکے پاس دیہہ صفوراں ٹپو مہران ناکلاس نمبر164کی زمین کے کاغذات تھے جن کی بنیاد پر فلک ناز بلڈر نے سہارنپور کوآپریٹو ہاﺅسنگ سوسائٹی کی متصل زمین سروے نمبر72اور78دیہہ صفوراں ٹپو مہران کی6ایکڑ زمین پر قبضہ کیا جبکہ یہ زمین سوسائٹی کو انکی زمین پر ہونے والی روڈ کٹنگ کے بدلے میں سرکار نے دی، اس کے باوجود فلک ناز بلڈر نے اس زمین پر اپنے پروجیکٹ فلک ناز ہارمونی کے دو ٹاور تعمیر کرلئے جن کی عوام کو بکنگ اور فروخت کے ذریعے مسلسل ” تھرڈ پارٹی انٹرسٹ” پیدا کیا جارہا ہے یہ کام ریونیو افسران کی ملی بھگت سے حاصل کی گئی این او سی کے ذریعے کیا گیا جبک دوسرا فراڈ سہارنپور کوآپریٹو ہاﺅسنگ سوسائٹی فیز ٹو کی تقریبا” 13 ایکڑ زمین پر کیاگیا جو دیہہ دوزان میں رم جھم ٹاور کے عقب میں ہے، یہ زمین سہارنپور سوسائٹی کے سابق سیکریٹری تمیز الحسن نے کے ای ایس سی سوسائٹی سے خریدی اور زمین کی قیمت سوسائٹی ممبران کے فنڈ سے ادا کی گئی لیکن سوسائٹی کے سابق سیکریٹری نے یہ زمین اپنی بیوی کے نام کرائی جبکہ رولز کے مطابق کے ای ایس سی سوسائٹی کسی نجی فرد کو زمین نہیں بیچ سکتی اور نا ہی سہارنپور سوسائٹی کا سابق سیکریٹری سوسائٹی کی زمین اپنی بیوی کے نام کرا سکتا تھا۔ نوٹس کے مطابق سہارنپور سوسائٹی کا سابق سیکریٹری فلک ناز بلڈر کا پارٹنر تھا جو اس سے پہلے سوسائٹی کے فیز ون کی زمین پر قبضہ کراچکا تھا اور پھر سوسائٹی کی زمین فلک ناز بلڈر و دیگرکو فروخت کی تھی، نوٹس کے ذریعے فلک ناز بلڈرکو غیرقانونی اقدام اور فراڈ سے بچنے کیلئے ہدایت کی گئی تھی کہ پرامن طریقے سے زمین خالی کرکے قبضہ سوسائٹی کو دے دیا جائے، بصورت دیگر مروجہ ایکٹ اور قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی لیکن فلک ناز بلڈر نے زمین خالی نہیںکی جس پر27جنوری2024کو فلک ناز بلڈر کا پروجیکٹ ہارمونی سر بمہر کر کے نجی گارڈ تعینات کر دئے گئے ہیں۔