کوہستان (نمائندہ خصوصی)
کوہستان میں خواتین کی انتخابی مہم چلانے پرپابندی کےفتوے پر الیکشن کمیشن نے خبردار کردیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ دوران انتخابات کسی خاتون کو انتخابی مہم چلانے یا ووٹ ڈالنے سے روکا گیا تو الیکشن کمیشن کارروائی کرےگا۔ کمیشن کے مطابق حلقےمیں انتخابات کاعمل کالعدم بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے کہاکہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کوہستان نےرپورٹ میں واضح کیا کہ خبر درست نہیں اور یہ غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام 2 فروری تک مکمل ہو جائے گا جب کہ بیلٹ پیپرز کی ڈیلوری کا کام چاروں صوبوں میں شروع ہو چکا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ 8 فروری کے عام انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں تیزی سے تکمیل کے مراحل کی طرف گامزن ہیں، بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام تسلی بخش طریقے سے جاری ہے، بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام تین سرکاری پریسوں میں جاری ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام انتخابی نشان کی الاٹمنٹ کے بعد 16 جنوری سے شروع ہوا تھا۔ اس کے علاوہ سکیورٹی اداروں، آر اوز اور ڈسٹرکٹ ایڈ منسٹریشن کی مدد سے بیلٹ پیپرز کی ڈیلیوری کا کام کیا جا رہا ہے۔