کراچی (نمائندہ خصوصی) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں پیپلزپارٹی کو اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے اور اس دن کا سورج پیپلزپارٹی مافیا کے خاتمے کی نوید لے کر طلوع ہوگا۔ خواجہ اظہار الحسن نے مرتضٰی وہاب کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ ہائی جیکنگ سے لے کرصدر بوہری بازار کے بم دھماکے پیپلز پارٹی کاورثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پیپلزپارٹی کے دہشتگردوں نے ہمارے 6 پر امن کارکنان کو شہید کیا، ایم کیو ایم کے کارکنان نے صبر و تحمل اور شہادتیں دے کر شہر کا امن برقرار رکھا ہے۔ خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی تاریخ دہشتگردی سے عبارت ہے، نگران صوبائی انتظامیہ مکمل طور پر پیپلزپارٹی کے کنٹرول میں ہے، ہمارے کارکنان کے قتل کی تحقیقات وفاقی تحقیقاتی اداروں کے غیر جانبدار افسران سے کروائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی پر قابض مافیا شہید محترمہ کے نام پر ملکی خزانے کے ہزاروں ارب روپے ہڑپ کر گئی، جعلی میئر شہر کی ہزاروں کلو میٹر خستہ حال سڑکیں چھوڑ کر چند فٹ پر کارپیٹنگ کروا کر فوٹو سیشن تک محدو ہیں، ایم کیوایم کے بائیکاٹ کی خیرات پر بننے والے میئر کو اپنے قد سے اونچی گفتگو زیب نہیں دیتی، 8 فروری کا سورج پیپلزپارٹی مافیا کے خاتمے کی نوید لے کر طلوع ہوگا۔