سبی (نمائندہ خصوصی) بلوچستان کے شہر سبی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ریلی میں دھماکے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ڈپٹی کمشنر سبی کے مطابق سبی کے جناح روڈ پر دھماکا اس وقت ہوا جب پی ٹی آئی کی انتخابی ریلی شہر سے گزر رہی تھی۔ڈپٹی کمشنر سبی نے بتایاکہ ریلی میں دھماکے سے 4 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔ایم ایس سول اسپتال سبی نے بتایاکہ سبی دھماکے میں زخمیوں میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے اور سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔پی ٹی آئی بلوچستان کے رہنما نذیر اچکزئی کا کہنا تھاکہ سبی میں دھماکے میں 3کارکن شہید اور کئی افراد زخمی ہیں۔انہوں نے بتایاکہ ریلی پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار صدام ترین کی تھی۔ دوسری جانب سے حالات کے پیشں نظر سبی اور کوئٹہ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ترجمان محکمہ صحت نے بتایاکہ مریضوں کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے ایم ایس سبی اسپتال کو ہدایت جاری کی گئی ہے۔محکمہ صحت نے تمام ڈاکٹرز اور عملے کو فوری طور پر ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی ہدایات جاری کردیں۔ادھر الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی ریلی پر دھماکے کا نوٹس لے لیا۔ ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔