کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں سونے کی آن لائن اور فزیکل خرید و فروخت کیلئے پہلی باضابطہ کمپنی کا قیام عمل میں آیا ہے،ملک کی پہلی بلین گولڈ و آن لائن ٹریڈنگ کمپنی کے قیام سے مقامی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں سٹہ بازی کا خاتمہ ہوگا۔تفصیلات کے مطابق زکریا گولڈ کموڈٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ نے سیکورٹی اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی) اور پاکستان مرکنٹائل ایکس چینج کمپنی(پی ایم ای ایکس)سے ملک میں سونے کی آن لائن اور فزیکل خرید و فروخت کیلئے لائسنس حاصل کرلیا ہے،جس کے بعد یہ کمپنی پاکستان میں سونے کی آن لائن اور فزیکل خرید و فروخت کا کام شروع کرنے والی پہلی کمپنی بن گئی ہے۔اس حوالے سے کمپنی ترجمان نے بتایا کہ ایس ای سی پی اور پاکستان مرکنٹائل ایکس چینج کی اجازت سے ملک کی اس پہلی آن لائن گولڈ ٹریڈنگ کے کمپنی کے قیام کے نتیجہ میں مقامی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں سٹہ بازی او ر بلیک مارکیٹنگ کا خاتمہ ہوگا،انہوں نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں سونے کے یومیہ نرخ بھی اسی کمپنی کی جانب سے جاری کئے جائینگے جبکہ سونے کے نرخوں کے اجراء کیلئے کمپنی کے دفتر کے باہر بڑی اسکرین بھی نصب کی گئی ہے،اس کمپنی کا باقاعدہ افتتاح منگل30جنوری کو متحدہ عرب امارات کے معروف کاروباری گروپ بو عبداللہ گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین ڈاکٹر بو عبداللہ کرینگے جبکہ تقریب میں ایف بی آر اور کسٹم کے اعلیٰ افسران اور ایف پی سی سی آئی کے عہدیداران سمیت کاروباری شخصیات بھی شریک ہوں گی۔واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ چند ماہ قبل سونے کے نرخوں میں بے پناہ اضافہ دیکھا گیا تھا اور مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں سٹہ بازی اور بلیک مارکیٹنگ کی اطلاعات تھیں،جس پر موجود ہ نگراں حکومت نے ایف آئی اے،ایف بی آر اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی مدد سے موثر کارروائی کی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں سٹہ بازی اور بلیک مارکیٹنگ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا،توقع ہے کہ ملک میں سونے کی آن لائن خرید و فروخت کیلئے ایس ای سی پی اور پاکستان مرکنٹائل ایکس چینج سے منظورہ شدہ کمپنی کے قیام کے بعد سونے کے نرخوں میں استحکام آئیگا اور مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں سٹہ بازی اور بلیک مارکیٹنگ کے رجحان کا خاتمہ ممکن ہوگا۔