کراچی (نمائندہ خصوصی) کراچی میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے تین تلوار پر ریلی نکالی گئی اس دوران پولیس حرکت میں آگئی اور کارکنان کے لاٹھیوں سے حملوں اور پتھراو سے 7 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ 25کے قریب افراد کوگرفتار کرلیا گیا ۔ ڈی آئی جی ساوتھ سید اسد رضا نے کہا ہے کہ بغیر اجازت ریلی نکالنے ، ریڈ زون میں پولیس پر حملہ اور کارسرکار میں مداخلت کرنےوالے افراد کے خلاف ، اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمات درج کئے جائینگے ۔ ڈی آئی جی ساوتھ کا کہناتھا کارکنان نے کانسٹیبل محمد فیضان سے سرکاری فائبر اسٹک چھینی ۔کانسٹیبل فیضان کو سر پر پتھر لگا جس سے وہ زخمی ہو گئے ۔کارکنوں نے کانسٹیبل ناصر بشیر کو بھی زخمی کیا ۔پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کانسٹیبل راشد اعوان سے شیل گن کا ڈبہ 12 شیل چھینا ۔کانسٹیبل دین محمد کو بھی بازو پر چوٹ لگی، اسد رضا نے بتایا تمام زخمی کانسٹیبل کو علاج کے لیے اسپتال روانہ کردیا گیا ہے ۔