اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)نے پارٹی کے حامیوں اور ٹکٹ ہولڈرز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرنے کے لیے ہر حلقے میں عوامی اجتماعات منعقد کریں۔اتوار کی نصف شب ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک پیغام میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک بھر میں پاور شو منعقد کرنے کی ہدایات بانی چیئرمین عمران خان کی طرف سے آئی ہیں۔بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان پی ٹی آئی کو عوامی حمایت کو متحرک کرنے اور اس کا پیغام عوام تک پہنچانے کا مساوی موقع دینے کا پابند ہے۔پی ٹی آئی کے چیئرمین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہر حلقے کے امیدواروں کو چاہیے کہ وہ اپنے انتخابی نشان کی تشہیر کریں تاکہ لوگ جان سکیں کہ ووٹ کس کو دینا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے لیے پرامن مہم ہر شہری کا قانونی اور آئینی حق ہے۔یہ پہلا موقع ہوگا جب پارٹی 9 مئی احتجاج کے بعد سڑکوں پر پاور شو کا اہتمام کرے گی۔