راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جوسمجھتے ہیں کہ وہ چوتھی بار وزیراعظم بن رہے ہیں وہ سخت غلط فہمی میں ہیں، کوئی ہمارے آئین کو نہ مانے تو اس کو منہ توڑ جواب دینگے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی وزیراعظم نہیں بن سکتے۔راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک جماعت نے وہی پرانی سیاست اپنائی ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ وہ شاید چوتھی بار وزیراعظم بن سکتے ہیں، یہ انکی غلط فہمی ہے طاقت کا سر چشمہ عوام ہے۔بلاول نے کہا کہ آپ نے 8 فروری کوووٹ دینا ہے تیر کومہرلگانا ہے، وہ آپ کو تقسیم اور گمراہ کرنا چاہتے ہیں، ووٹ کے صحیح استعمال سے آپ چوتھی بار کی سازش ناکام بناسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں اس شہر میں موجود ہوں جہاں ذوالفقاربھٹو کوشہید کیا گیا، میں اس جگہ کھڑا ہوں جہاں بےنظیر بھٹو نے اپنی آخر سانسیں لی تھیں، میں آج یہاں موجود ہوں کیونکہ پاکستان خطرے میں ہے۔انھوں نے کہا کہ ایک طرف معاشی بحران تو دوسری طرف جمہوری بحران ہے، جن دہشتگردوں کو ہم نےشکست دی تھی وہ ایک بار پھرسراٹھا رہے ہیں، اس ملک کو صرف پاکستان پیپلزپارٹی ہی بچا سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قائد عوام نے ہمیں روٹی کپڑا کا نعرہ دیا، ہم نے عوامی معاشی معاہدہ پیش کیا ہے، ہمارا دس نکاتی عوامی معاشی معاہدہ بےروزگاری کو کم کرےگا۔بلاول نے کہا کہ ایک بار پھر یہ دھرتی مجھے اور آپ کو پکار رہی ہے، ہماری جماعت سب کو ساتھ لے کر چل سکتی ہے، پیپلزپارٹی نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ہمیشہ کےلیےختم کرنا چاہتی ہے۔ملک کی سکیورٹی کی بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پاکستان میں کوئی گڈ یا بیڈ طالبان نہیں ہوں گے، اگرکوئی ملک کےخلاف ہتھیار اٹھائے گا تو منہ توڑ جواب دیں گے۔