اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)عام انتخابات، الیکشن کمیشن آف پاکستان مقررہ وقت میں حتمی پولنگ سکیم دینے میں ناکام ہوگیا، کیا عام انتخابات 8فروری کو ہوں گے نیا سوال کھڑا ہوگیا، شیڈول کے مطابق 24جنوری کو چاروں صوبوں اور اسلام آباد کا حتمی پولنگ سکیم دینا تھا ، ترجمان الیکشن کمیشن بھی معاملے پر موقف نہ دے سکے۔تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارلحکومت سمیت چاروں صوبوں کے حوالے سے 24جنوری کو حتمی پولنگ سکیم جاری کرنی تھی جو ابھی تک جاری نہیں کی گئی ہے پولنگ سکیم کے اندر قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کی مکمل تفصیل ہوتی ہے کتنے پولنگ سٹیشن بننے ہیں اور کہاں بننے ہیں پولنگ اسٹیشن میں کتنے ووٹرز ہوں گے پولنگ سٹیشن کے اندر کتنے پولنگ بوتھ ہوں گے مکمل تفصیل ہوتی ہے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 24جنوری کو حتمی پولنگ سکیم جاری کرنے کا شیڈول دیا تھا مگر دو دن گزرجانے کے باجود الیکشن کمیشن حتمی پولنگ سکیم دینے میں مکمل ناکام ہوگیا ہے چاروں صوبوں اور وفاقی دارلحکومت کے پولنگ سکیم مقررہ وقت میں جاری نہ ہونے سے جنرل انتخابات 2024کے 8فروری کو انعقاد پر سوالیہ نشان اٹھنا شروع ہوگئے ہیں کہ کیا 8فروری کو الیکشن کا انعقاد ممکن بھی ہوگا کہ نہیں واضح رہے کہ ترجمان الیکشن کمیشن سے بھی اس حوالے سے سوال کئے گئے کہ کب تک حتمی پولنگ سکیم جاری ہوگا مگر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔