کراچی (نمائندہ خصوصی) گورنر س ندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ بلاول کراچی کی قسمت بدلنے سے قبل گٹروں کے ڈھکن لگوا دیں، سیاستدانوں کومیچ کھیلنے کی کیا ضرورت ہے وہ ویسے ہی عوام سے کھیل رہے ہیں،عباسی شہید اسپتال کے اوپرکا حصہ یو این او بنارہا ہے، حکومت کہاں ہے؟،اسپتال میں مریضوں کیلئے واش روم تک کی جگہ نہیں۔ تفصیلات کے مطابق عباسی شہید اسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کچھ لوگ کراچی کی قسمت بدلنے کا دعوی کرتے ہیں لیکن ڈھکن نہیں بدل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کراچی کی قسمت بدلنے کے بیانات دینے سے قبل شہر میں گٹر کے ڈھکن لگوا دیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کومیچ کھیلنے کی کیا ضرورت ہے وہ ویسے ہی عوام سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے عباسی شہید ہسپتال کا700 کا سٹاف مانگا ہے، عملہ نہ ہونے کی وجہ سے آپریشن تک رک گئے ہیں، اسپتال کے اوپرکا حصہ یو این او بنارہا ہے، حکومت کہاں ہے؟، اسپتال میں مریضوں کیلئے واش روم تک کی جگہ نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ میری میئر کراچی سے درخواست ہے کہ ہسپتال کی ایمرجنسی ٹھیک کردیں۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنماءو میئر کراچی مرتضی وہاب نے گورنر سندھ کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ذوالفقارعلی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز ہسپتال کا سنگ بنیاد بلاول بھٹو نے رکھا، سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کا 100 بیڈ پرمشتمل ہسپتال سندھ حکومت نے فعال کیا، کورنگی میں آٹزم سنٹر تعمیر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا کارڈیک کیئر ہسپتال کورنگی میں بننے جارہا ہے، درجنوں پارک پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے بنائے، پیپلز پارٹی نے 16 ہزارسڑکیں بنائیں، کئی فلائی اوورزاور انڈرپاس بنوائے۔ اس موقع پر ناصر شاہ نے کہا کہ15سال میں پیپلزپارٹی کاسندھ کوکچھ نہ دینے کابیانیہ منافقت پرمبنی ہے، سندھ کے عوام کاذہن بڑی سی بڑی سازش بھی نہیں بدل سکتی۔