جڑانوالہ (نمائندہ خصوصی)ملک سے تولیوں کی برآمدات میں دسمبر کے دوران سالانہ بنیادوں پر 7 فیصدکی نمو ریکارڈکی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق دسمبر 2023 میں تولیوں کی برآمدات سے ملک کو 88 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہو جو دسمبر 2022 کے مقابلہ میں 7 فیصد زیادہ ہے۔ دسمبر 2022 میں تولیوں کی برآمدات سے ملک کو 82 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔نومبر کےمقابلہ میں دسمبر میں تولیوں کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 17 فیصد کی نموہوئی۔ نومبر میں تولیوں کی برآمدات کاحجم 75ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو دسمبر میں بڑھ کر 88 ملین ڈالر ہو گیا۔ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں تولیوں کی مجموعی برآمدات کاحجم 500 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 2 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں تولیوں کی مجموعی برآمدات کا حجم 492 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیاتھا۔ واضح رہے کہ ٹیکسٹائل مصنوعات کی مجموعی برآمدات سے جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ملک کو 8.283 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہو تھا۔