کراچی (نمائندہ خصوصی ) صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما عمران خان کے کتنے اسکینڈلز کا دفاع کریں گے ۔ توشہ خانہ کے نئے اسکینڈل کے بعد میری گھڑی میری مرضی والی بات ختم ہو گئی ۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ عمران خان نے توشہ خانہ سے خریدے بغیر قیمتی گھڑیاں بیچ دیں ۔
کیا چوری کا سامان بیچنے اور مالک کو 20 فیصد رقم ادا کرنے والا چور نہیں ؟ صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کون ہوتی ہے ، لوگوں کے سوال کے حق سے انکار کرنے والی ؟ یہ پوچھنا لوگوں کا حق ہے کہ گھڑیاں آپ کی تھی ہی نہیں ، تو فروخت کیوں کیں؟ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس سے پہلے بھی سوال تھا کہ قیمتی گھڑی تحفہ دینے والے کے پاس کیسے پہنچی ؟ عمران خان کی حرکتوں سے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے سوا پوری قوم شرمندہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما عمران خان کے اسکینڈلز کا دفاع کرتے رہے تو زندگی بھر کچھ اور نہیں کر سکیں گے ۔عمران خان کی فسطائی اور اسپانسرڈ سیاست کا دور ختم ہوگیا ہے ۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کو سیاسی طور پر زندہ رہنے کے لئے کوئی دوسرا معقول کام کرنا ہوگا ۔