اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ریفرنس اور 190 ملین پاونڈز ریفرنس میں ضمانت کی درخواستوں پر اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس ثمن رفت امتیاز پر مشتمل ڈویڑن بینچ نے بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ریفرنس میں ضمانت کی درخواست پر اعتراضات کے ساتھ سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے درخواست پر سے اعتراضات دور کرنے کے لیے وقت مانگ لیا جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو سات روز کا وقت دیتے ہیں،اعتراضات دور کر لیں۔ عدالت نے وکلا کو درخواست ضمانت پر ایک ہفتے میں اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کر دی۔ دوسری جانب چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پاو¿نڈ ریفرنس میں ضمانت کی درخواست پر اعتراضات کے ساتھ سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل عمیر بلوچ نے اعتراضات دور کرنے کے لیے وقت مانگ لیا، جس پر عدالت نے اعتراضات دور کرنے کیلئے وقت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔