اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے سعودی عرب کے ال-جومیہ گروپ کے سربراہ شیخ عبد العزیز حماد ال-جومیہ کی قیادت میں چار رکنی وفد نے ملاقات کی ہے ،ال-جومیہ گروپ نے کراچی الیکٹرک میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کررکھی ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں،پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سعودی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں،کراچی الیکٹرک کی جانب سے متبادل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی حکمت عملی خوش آئیند ہے جس سے صارفین کے لئے بجلی کا ٹیرف کم کرنے میں مدد ملے گی ،امید کرتے ہیں کہ گھریلو اور صنعتی صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے حوالے سے کراچی الیکٹرک اپنے انفراسٹرکچر میں مزید بہتری لائے گی،وزیراعظم نے ال-جومیہ گروپ کو پاکستان میں متبادل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔اس موقع پرال-جومیہ گروپ کے وفد نے کراچی الیکٹرک کے دیرینہ مسائل حل کرنے پر وزیراعظم اور حکومتی ٹیم کا شکریہ ادا کیا،وفد نے وزیراعظم کو 1500 میگاواٹ کے نئے سرمایہ کاری کے منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا ؛ ان منصوبوں میں مقامی ذرائع اور قابل تجدید توانائی پر انحصار کیا جائے گا، ملاقات میں نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر اور نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی موجود تھے۔