نیو یارک (نمائندہ خصوصی) عالمی ادارہ صحت نے انکشاف کیا ہے کہ دنیا میںڈیزیز ایکس نامی ایک وبا کے پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں جو کورونا وبا سے 20 گنا زیادہ خطرناک ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ورلڈ اکنامک فورم کے ایک حالیہ سیشن کے دوران عالمی ادارہ صحت کے رہنما اور سائنسدان ڈیزیز ایکس کے ممکنہ پھیلاو سے ہونے والے تباہ کن خطرے پر بات کرنے کے لیے جمع ہوئے۔عالمی ادارہ صحت کی طرف سے 2018ءمیں وضع کی گئی یہ اصطلاح ڈیزیز ایکس کوئی موجودہ وائرس نہیں ہے بلکہ یہ مستقبل میں غیر متوقع طور پر آنے والے صحت کے بحرانوں کے ممکنہ خدشات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ان سے نمٹنے کے لیے اپنائی گئی اسٹریٹجی کا نام ہے۔اس سیشن کے دوران پرپیئرنگ فار ڈیزیز ایکس کے عنوان سے ایک پینل نے غلط معلومات اور سازشی نظریات کا مقابلہ کرنے کے لیے بہتر مواصلاتی حکمت عملیوں کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ عالمی ادارہ صحت نے سخت انتباہ جاری کیا کہ مناسب تیاری کے بغیر ڈیزیز ایکس کورونا وبا کی وجہ سے ہونے والی تباہی کو بھی پیچھے چھوڑ سکتی ہے جس نے اب تک دنیا بھر میں 70 لاکھ سے زیادہ جانیں لے لی ہیں۔ماہرین نے ڈیزیز ایکس کے پھیلاو پر قابو پانے کے لیے اقوامِ عالم کے درمیان مو ثر رابطے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے اس وبا سے متعلق غلط معلومات کے پھیلاو کے خدشات کو مدِنظر رکھتے ہوئے عوامی آگاہی کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ’غلط معلومات ایک وائرس کی طرح متعدی ہو سکتی ہیں اس لیے ہمیں بیماری کے بارے میں لوگوں میں کسی قسم کا خوف یا سازش کے پھیلاو کو روکنے کے لیے لوگوں کو درست معلومات سے آگاہ کرنا بہت ضروری ہے ۔