کراچی (نمائندہ خصوصی) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشتگردوں کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب کرتے ہوئے اہم کمانڈرز سمیت 17 دہشتگرد گرفتار کرلیے۔ تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی میں ٹی ٹی پی کے اہم کمانڈرز سمیت 17 دہشتگرد گرفتار کرلیے۔ ٹی ٹی پی دہشت گرد کراچی میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ گرفتار دہشت گرد سوات اور مالاکنڈ میں سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے، اس کے علاوہ ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ وصولی کے جرائم میں مطلوب تھے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کو افغانستان سے ٹی ٹی پی کی قیادت کی سرپرستی میں طلباءکے روپ میں منظم کیا گیا تھا۔ یہ دہشت گرد کراچی میں فرقہ وارانہ، نسلی، سیاستدانوں کی ٹارگٹ کلنگ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں بھی ملوث تھے۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں بھتہ خوری سے بچنے کے لئے بہترین اقدامات کیے جا رہے ہیں، فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداراے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملانے کے لئے پر عزم ہیں۔