اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران حکومت نے 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات سے قبل اہم فیصلوں کی تیاری کرلی، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس 29 جنوری کو طلب کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق اجلاس میں 5 سالہ منصوبہ پیش کیا جائےگا، زیرو پراگریس (صفر کارکردگی) کےحامل 121 ارب روپے مالیت کے 76 صوبائی منصوبوں پر پابندی لگانے اور پارلیمنٹرینز کی اسکیموں پر 29 ارب روپے کی کٹوتی کی تجاویز منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔ ذرائع کےمطابق قومی اقتصادی کونسل کےاجلاس میں 5 سالہ (25-2024 تا 29-2028) پلان پیش کیاجائےگا۔ اجلاس میں 121 ارب روپے مالیت کے ’زیرو پراگریس‘ کے حامل 76 صوبائی منصوبوں پر پابندی لگانے اور ان کو وفاقی ترقیاتی بجٹ سے نکالنے پر غورکیا جائے گا۔ ’زیرو پراگریس‘ کے 76 صوبائی منصوبوں کے لیے رواں مالی سال کے بجٹ میں 34 ارب 40 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مستقبل میں پی ایس ڈی پی سے صوبائی منصوبوں پرپابندی کی تجویز بھی ہے، پارلیمنٹرینز کی اسکیموں کے لیے مزید فنڈز پر پابندی لگانےکی تجویز پر بھی غور ہوگا۔