اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) الیکشن کمیشن نے 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات کے لیے حتمی پولنگ اسکیم تیار کر لی۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے 75 فیصد کام مکمل کرلیا ہے اور پولنگ اسکیم کے مطابق الیکشن کے لیے ملک بھر میں 92353 پولنگ اسٹیشن قائم ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب کے 6040، خیبرپختونخوا کے 4726، سندھ کے 7802 اور بلوچستان کے 2038 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، انتخابات سے قبل الیکشن مینجمنٹ سسٹم (EMS) کے ذریعے نتائج کیلئے ایک اور تجرباتی مشق کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنرز کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ ملک بھر میں 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) پرکام جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق عام انتخابات کے دوران پنجاب میں 52 ہزار 412 پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے جن میں سے 30 ہزار 755 نارمل، 15ہزار 617 حساس، 6 ہزار 40 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔