ملتان (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہےکہ وہ مسلم لیگ میں تھے اور رہیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ورکرزکنونشن کی تیاریاں جاوید ہاشمی کے گھر جاری ہیں۔ اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ میرے اور میرے داماد کے گھر چھاپہ مار کر کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں، تحریک انصاف کا کنونشن میرے داماد زاہد بہار نے منعقد کروانا تھا، وہ پی ٹی آئی کا صوبائی اسمبلی کا امیدوار ہے۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں مسلم لیگ میں تھا اور رہوں گا، چھاپے سے پہلے شاید پی ٹی آئی ورکرز کنونشن میں نہ جا تا لیکن اب جاوں گا، تحریک انصاف اب اس بات پر آگئی جو میں ہمیشہ کہتا رہا۔ واضح رہے کہ ملتان میں جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن کے دوران پولیس نے چھاپہ مار کر پی ٹی آئی کے امیدوار کو گرفتار کیا تھا۔ جاویدہاشمی کا کہنا ہے کہ ملتان کے علاقے مخدوم رشید میں ان کی رہائش گاہ پر پولیس نے چھاپہ مار کر پی ٹی آئی امیدوار زاہد بہار ہاشمی اور ان کے گھر کے ملازمین کو گرفتار کیا۔