کراچی (نمائندہ خصوصی)پاکستان کسٹمز انٹیلی جنس نے کراچی میں نان ڈیوٹی پیڈ زیر زمین لائن سے ایک آئل ملز میں سرنگ بنا کر تیل چوری کا انوکھا کیس پکڑا ہے۔ کسٹمز انٹیلی جنس نے آج صبح بن قاسم کے علاقے میں کارروائی کی جہاں نان ڈیوٹی ڈیزل وائٹ آئل پائپ لائن سے چوری کر کے مارکیٹ میں فروخت کیا جا رہا تھا۔ حکام کے مطابق خفیہ اطلاع پر کسٹمز انٹیلی جنس نے کراچی میں مشتبہ صنعتی احاطے پر نگرانی شروع کر رکھی تھی اور اس دوران کراچی میں پورٹ قاسم کے قریب خوردنی تیل نکالنے والی ملز انتظامیہ چوری میں ملوث پائی گئی۔ کسٹمز حکام کا بتانا ہے کہ چھاپہ مار کارروائی کے دوران آئل ملز کے احاطے میں 174 فٹ لمبی خفیہ سرنگ پکڑی گئی، خفیہ سرنگ کے ذریعے پائپ لائن سے نان پیڈ ڈیزل چوری کیا جا رہا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ موقع پر 65000 لیٹر نان ڈیوٹی پیڈ چوری شدہ ڈیزل برآمد کر لیا گیا جس کی مالیت تقریباً 20 ملین روپے بنتی ہے اور کارروائی میں مل مالک کو بھی گرفتار کر لیا گیا جن سے تفتیش کی جائے گی کہ یہ چوری کب سے جاری ہے- کسٹمز انٹیلی جنس ذرائع کا بتانا ہے کہ خفیہ سرنگ کے ذریعے اربوں روپے کے تیل کی چوری کا شبہ کیا جا رہا ہے۔