آسٹن( نیٹ نیوز)امریکی ریاست ٹیکساس اور پاکستان مختلف شعبہ جات بشمول پٹرولیم، زراعت، لائیوسٹاک، گرین انرجی، ماحولیاتی تبدیلی، ٹیک سیکٹر، جنیاتی انجینئرنگ اور سیمی کنڈکٹرز میں تعاون کو فروغ دیں گے۔ ان شعبہ جات میں تعاون کے دائرہ کار کے حوالے سے گفتگو امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان اور ریاست ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ کی ملاقات کے دوران ہوئی۔ ملاقات ٹیکساس کے دارالحکومت آسٹن میں واقع گورنر کے کیپیٹل ہل آفس میں ہوئی۔گورنر ٹیکساس نے سفیر پاکستان کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستانی عوام کے لئے دوستانہ جذبات کا اظہار کیا۔سفیر پاکستان نے گورنر ٹیکساس گریگ ایبٹ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی تاکہ ٹیکساس اور پاکستان کے درمیان ٹریڈ ، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔گورنر نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ مناسب وقت پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے کہاکہ ہیوسٹن، ڈلاس، فورٹ ورتھ، آسٹن اور سینٹ اینٹونیو میں مقیم ڈیڑھ لاکھ پاکستانی کمیونٹی پاکستان اور امریکہ کےلئے ایک اثاثہ ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔بطور گورنر ٹیکساس گریگ ایبٹ کے دو ادوار میں ہونے والی ترقی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا پاکستان سیمی کنڈکٹرز، زراعت، ہیلتھ کئیر اور ٹیک سیکٹر میں ٹیکساس کی سرمایہ کاری کےلئے تیار ہے۔ مسعود خان نے زرعی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے پاکستان اور ٹیکساس کی زرعی یونیورسٹیوں کے مابین ریسرچ کے فروغ کے ذریعے روابط قائم کرنے کی بھی نشاندہی کی۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں موجود ریگولیٹری ماحول امریکی کمپنیوں کے لئے بہت سازگار ہے۔ ہم ٹیکساس کی کاروباری کمپنیوں کے ساتھ پارٹنرشپ کے خواہاں ہیں۔