فیصل آباد(نمائندہ خصوصی)ایل این جی کی درآمد میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیاد پر 5 فیصد کمی ریکارڈکی گئی۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کےاعدادوشمار کے مطابق جولائی سے دسمبر تک ایل این جی کی درآمد کا حجم 1.853 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 5 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ایل این جی کی درآمد کا حجم 1.950 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا۔دسمبر میں ایل این جی کی درآمد پر 387 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو دسمبر 2022 کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے، دسمبر 2022 میں ایل این جی کی درآمدات کا حجم 365 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا۔ نومبر کے مقابلے میں دسمبر میں ایل این جی کی درآمد میں ماہانہ بنیاد پر 33 فیصد نمو ہوئی، نو مبر میں ایل این جی کی درآمد پر 290 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو دسمبر میں بڑھ کر 387ملین ڈالر ہو گیا۔واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی درآمد میں سالانہ بنیاد پر 14 فیصد کمی ہوئی۔ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمد کاحجم 8.006 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پٹرولیم مصنوعات کادرآمدی بل 9.286 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا۔