اسلام آباد(بیورو رپورٹ ) تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر، ایس او ایس فاؤنڈیشن پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں 2 کروڑ 60 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں۔ اور یہ تعداد سکول جانے والے عمر کے بچوں کا 39 فیصد بنتا ہے جوکہ ہمارے مستقبل کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔نیشنل لائبریری آف پاکستان میں تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایس او ایس فاؤنڈیشن کی ڈائریکٹر نشاط فاطمہ نے کہا، کہ تعلیم ہمارے معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہے، لیکن اتنی بڑی تعداد میں بچوں کے اسکول نہ جانے کا مطلب ہے کہ ہم ایک ایسے بحران کا سامنا کر رہے ہیں، جو ملک کے مستقبل کے لئے انتہائی تشویشناک ہے اور جس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس او ایس فاؤنڈیشن کا مطالبہ ہے کہ حکومت اس مسئلے کو ایمرجنسی سمجھ کر فوری اقدامات کرے۔ تعلیم کے لئے ملکی اور غیر ملکی وسائل میں اضافہ کرے، خاص طور پر ان تعلیمی منصوبوں کے لیے جو پسماندہ علاقوں میں بچوں کی تعلیم میں معاون ثابت ہورہے ہیں. والدین اور کمیونٹی کو اپنے بچوں کی تعلیمی مراحل میں شامل کریں، دیہات اور پسماندہ علاقوں میں نئے اسکول اور تعلیم کے نئے مواقع پیدا کریں. اساتذہ کی تربیت، تعلیمی نصاب اور اسکولوں کی سہولیات کو بہتر بنایا جائے. ایس او ایس فاؤنڈیشن گزشتہ کئ سالوں سے پسماندہ علاقوں میں بے سہارا بچوں کو تعلیم فراہم کررہی ہے، لیکن اتنے بڑے مسئلے کو حل کرنے کے لیے تمام متعلقہ لوگوں اور اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔نشاط فاطمہ نے مطالبہ کیا کہ حکومت تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کریں اور پاکستان کے ہر بچے کو تعلیم کا حق دیں۔ انہوں نے کمیونٹی، سول سوسائٹی اور غیر سرکاری تنظیموں، سرکاری و نجی تعلیمی اداروں سے بھی مطالبہ کیا کہ آگے بڑھ کر اس گھمبیر ملکی مسئلے کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں. تاکہ مل کر ہم اپنے مستقبل کو روشن کر سکیں۔