اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وفاقی کابینہ نے عام انتخابات میں سول آرمڈ فورسز لگانےکی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق سول آرمڈ فورسز حساس حلقوں میں بطور کوئیک ریسپانس فورس ڈیوٹی دےگی۔خیال رہےکہ وفاقی وزارت داخلہ نے عام انتخابات میں سکیورٹی فراہمی کے لیے سمری کابینہ کو بھجوائی تھی۔واضح رہے کہ ملک میں عام انتخابات کا انعقاد 8 فروری کو ہونا ہے جس کے لیے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں، الیکشن کمیشن نے تمام بلدیاتی محکموں کے فنڈز بھی منجمد کردیے ہیں۔ وفاقی کابینہ نے چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ علی رضا کوعہدے سے ہٹانے کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق سکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے کے باوجود علی رضا کی بطور سی ای او سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ تعیناتی ہوئی تھی، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سمری پر وفاقی کابینہ سے منظوری حاصل کی گئی۔انٹیلی جنس ایجنسی کو کیس دومرتبہ بھجوانے کے باوجود سکیورٹی کلیئرنس نہ ملی، بورڈ آف ڈائریکٹرز کی سرتوڑ کوششوں کے باوجود علی رضا کی سکیورٹی کلیئرنس نہ ہوسکی۔کابینہ نے 12اپریل 2023 کو علی رضا کو سی ای او پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔ وفاقی کابینہ نے پاورڈویژن کا سالانہ 600 ارب روپے وصولی کا پلان مسترد کردیا۔نگران وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں بجلی نادہندگان کے شناختی کارڈ، پاسپورٹ اجرا اور تجدید نہ کرنےکی سفارش مسترد کردی گئی۔اس کے علاوہ نادہندگان کو بیرون ملک جانے سے روکنے اوربینک اکاونٹ نہ کھولنے کی سفارش بھی مسترد کی گئی ہے۔اجلاس میں وفاقی کابینہ نے پاورڈویژن کا سالانہ 600 ارب روپے وصولی کا پلان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاور ڈویژن کا پلان آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم نے پلان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاورڈویژن کو واضح اہداف کے ساتھ جامع پلان پیش کرنےکی ہدایت کی۔کابینہ ارکان نے کہا کہ مسلح افواج اوربیوروکریٹس نے پاور سیکٹر سے زیادہ اہمیت کے کام کرنا ہوتے ہیں، پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ کا قیام قانونی اور سیاسی مشکلات پیدا کرنے کا موجب بنےگا۔کابینہ ارکان نے مزید کہا کہ پاور ڈویژن کی سفارشات مسائل کے حقیقی حل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔