راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) راولپنڈی کی احتساب عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کے آج بدھ تک ملتوی کر دی، جج محمد بشیر کی طبیعت ناسازی کے باعث سماعت ملتوی کی گئی۔ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہونی تھی۔ توشہ خانہ ریفرنس میں آج گواہان کے بیانات قلمبند ہونے تھے۔ واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ کیس میں احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے اور ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے آج ہی رجوع کیا ہے،عمران خان نے عدالت میں ضمانت کی دو درخواستیں دائر کیںجس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ کیس کے حتمی فیصلے تک ضمانت منظور کی جائے ۔احتساب عدالت نے دونوں کیسوں میں ضمانت بعد از گرفتاری مسترد کر دی تھی ۔درخواست میں چیئرمین نیب ، ڈی جی نیب، تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔قبل ازیں گزشتہ سماعت پرعدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی 190 ملین پاونڈ کیس اور توشہ خانہ ریفرنس میں جیل ٹرائل کے خلاف درخواستیں قابل سماعت قرار دے دی تھیں ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی نیب کیسز میں جیل ٹرائل کے خلاف درخواستوں پر فریقین کو نوٹسز بھی جاری کردئیے تھے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے سیکریٹری داخلہ کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا ۔عدالت نے ریمارکس دئیے تھے کہ کیس دستیاب بینچ کے سامنے مقرر کیا جائے ۔ اس سے قبل ازیں 17جنوری کو ہونے والی سماعت میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف عمران خان کی اپیلوں پر ڈویڑن بینچ بنانے کیلئے فائل چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھجوا دی تھی۔