اسلام آباد/کراچی (نمائندہ خصوصی) کوائف طلبی کے نام پر مدارس کو ہراساں کرنا افسوسناک ہے،اتحاد تنظیمات مدارس اور حکومت کے مابین طے شدہ معاہدوں سے انحراف مزید مسائل کو جنم دے گا،معاہدے کے مطابق دینی مدارس سے کوائف صرف وزارت تعلیم طے شدہ شیڈول اور طریقہ کار کے مطابق لے سکتی ہے،دیگر اداروں کے اہلکار کوائف کے لیے وزارت تعلیم سے رجوع کریں، اعلی حکام مختلف سرکاری اداروں کے اہلکاروں کی مدارس کے ذمہ داران کو ہراساں اور پریشان کرنے کی اطلاعات کا فوری نوٹس لیں ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین مولانا حافظ فضل الرحیم،مولاناانوارالحق حقانی اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا-انہوں نے کہا ملک کے مختلف علاقوں سے اطلاعات اور شکایات موصول ہورہی ہیں کہ مختلف سرکاری اداروں کے اہلکار مدارس کے منتظمین اور اساتذہ و طلبہ کو کوائف طلبی کے نام پر پریشان اور ہراساں کررہے ہیں- مدارس کے منتظمین سے طے شدہ معاہدوں کے منافی سوالات پوچھے جارہے ہیں- وفاق المدارس کے قائدین نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ صورت حال کا فوری نوٹس لیں-وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ حکومت اور اتحاد تنظیمات مدارس کے مابین ہونے والے معاہدے کے مطابق صرف وزارت تعلیم کے نمائندگان طے شدہ طریقہ کار اور شیڈول کے مطابق دینی مدارس سے کوائف حاصل کرسکتے ہیں دیگر ادارے کوائف کے لیے وزارت تعلیم سے رجوع کیا جائے