کراچی ( بیورورپورٹ ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک کو بہت بڑے چیلنجز تھے بالخصوص دہشت گردی کے لیکن ہمارے پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور اپنی فرائض کی انجام دہی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے اور ان کے اہل خانہ کو سلام جنہوں نے وطن کی خاطر اپنے پیاروں کی قربانیاں دیں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روز مقامی ہوٹل میں CLICKCOM اور LCA سندھ کے سید کمیل شاہ کے زیراہتمام ’’سلام سپاہی جوان۔ زندہ باد پاکستان‘‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ اس پروگرام کے مہمان خصوصی نہیں لیکن اصل مہمان خصوصی یہاں بیٹھے ’’شہداء‘‘ کے ورثا ء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے اپنے بیٹوں، بھائیوں کی قربانیاں دی ہے اور آپ میں سے کچھ صرف ملک کی سالمیت اور وقار کیلئے اپنے شوہروں کی قربانی دے کر بیوہ ہو گئی ہیں، یہ کوئی معمولی قربانی نہیں بلکہ پوری قوم کی جانب سے آپ نے اس ملک کی خاطر بڑی قیمت ادا کی ہے اور ہم سب آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ دہشت گردوں نے ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی اپنا تسلط جما لیا جہاں بم دھماکے روز کا معمول بن چکے تھے لیکن ہماری پولیس، رینجرز، پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور اپنے قربانی سے شہر کا امن بحال کیا۔ہم آپ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اور انہیں تاریخ میں سنہری الفاظ میں یاد رکھاجائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان اتنے بہادر، دلیراور محب وطن ہیں کہ انہیں دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ ہمیں آپ پر فخر ہے اور میں شہداء اور اہل خانہ کو سلام پیش کرتا ہوں اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے پر پروگرام کے منتظمین کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس موقع پر انہوں نے شہدا کے لواحقین میں میڈلز اور شیلڈز تقسیم کیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان میں دہشت گردی پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ حالات اتنے سنگین ہیں کہ نامور شخصیات کے جنازوں میں بھی شرکت کرنے سے قاصر ہیں۔ بزنجو نے بلوچستان میں معمولات زندگی کی بحالی کیلئے سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کی قربانیوں کو سراہا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو سندھی ٹوپی اور روایتی کھیس پیش کیے۔ اس موقع پر قائم مقام گورنر آغا سراج درانی، وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، وزیر بلدیات ناصر شاہ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب، سابق سٹی میئر وسیم اختر سمیت پروگرام میں سیاست دانوں، سول سوسائٹی کے اراکین جاوید میانداد ، توصیف احمد اور ، اداکار اور گلوکار نے شرکت کی