راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سانحہ 9 مئی کے12 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پرسماعت 20 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔ انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے جج ملک اعجاز آصف نے درخواستوں پر سماعت کی۔ ریکارڈ پیش نہ ہونے پرعدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے آئندہ تاریخ پر تمام 12 کیسوں کا ریکارڈ پیش کرنے اور پراسیکیوٹرز کو دلائل دینے کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت 20 جنوری تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ 9مئی کوتوڑپھوڑ اور جلاو گھیراو سے متعلق 12 مقدمات میں عمران خان سے اڈیالہ جیل میں تفتیش کی گئی تھی جس میں عمران خان نے پولیس ٹیم کے سوالات کے جواب دیئے تھے۔ تفتیش کیلئے راولپنڈی پولیس کی قائم کردہ جے آئی ٹی ٹیم کنوینئر کی سربراہی میں اڈیالہ جیل گئی تھی، ٹیم نے 9 مئی کے مقدمات کے حوالے سے عمران خان سے پوچھ گچھ کی تھی۔تمام مقدمات کے تفتیشی افسران تحریری سوالناموں کے ہمراہ اڈیالہ جیل آئے تھے جنہوں نے عمران خان سے مختلف سوالات پوچھے تھے جبکہ اس سے قبل انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کا 9 مئی سے متعلق 12 مقدمات میں دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکیا تھا۔انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے اڈیالا جیل راولپنڈی میں 9 مئی سے متعلق 12 مقدمات کی سماعت کی تھی۔