اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے حوالے سے ہمارا پلان سی بھی تیار ہے۔ اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ لندن پلان کے تحت جمہوریت کو روندا جا رہا ہے، انتخابی مہم شروع ہونے کے باوجود ہمارے لوگوں کو اٹھایا جا رہا ہے، 9 مئی کے واقعات میں عورتوں اور بچوں کو جیلوں میں ڈالا گیا، کیپٹل ہل واقعہ میں سی سی ٹی وی کی مدد سے لوگوں کو پکڑا گیا تھا۔ بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا عام انتخابات میں ہمارا پلان سی بھی تیا رہے، 8 فروری کو انہیں جھٹکا لگے گا۔ دوران گفتگو بانی پی ٹی آئی سے سوال کیا گیا کہ شیر افضل مروت کچھ کہتے اور پارٹی ترجمان روف حسن کچھ اور تو اس پر عمران خان نے کہا کہ شیر افضل مروت جذباتی ہے، اس نے کراچی سے لاہور آنا ہوتا اور پہنچ کوئٹہ جاتا ہے، اس کی باتوں پر ہمیں وضاحت دینا پڑتی باقی وہ سامنے سے کھیل رہا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا حکومت گرائے جانے کے باوجود جنرل باجوہ سے مذاکرات کیے، جنرل باجوہ سے کہا تھا کہ صاف اور شفاف انتخابات مسائل کا حل ہیں، جنرل باجوہ نے کہا تھا کہ اچھے غلاموں کی طرح سائفر کی بات نہ کرو ورنہ مقدمات کی بارش ہو گی، کیا حکومت گرانے کی سازش کو بے نقاب کرنا غداری ہے؟ ان نے سائفر کیس میں جیل میں ٹرائل کو براہ راست دکھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا چاہتا ہوں قوم کو پتہ چلے کہ کیا ہو رہا ہے۔