اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی)سنی علما کونسل کے سینیئر رہنما اور ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا مسعود الرحمن عثمانی کے قتل کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سنی علما کونسل پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ مسعود الرحمن عثمانی کے قتل کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں انٹیلی جنس بیورو کی جانب سے راولپنڈی، اسلام آباد اور منڈی بہاالدین میں آپریشن کیا گیا۔ حکام کے مطابق مختلف شہروں میں آرپریشن کے دوران علامہ مسعود الرحمن عثمانی کے قتل میں ملوث ماسٹر مائنڈ سمیت 4 افراد گرفتار کرلئے ہیں، جن کاتعلق تہران سے بتایا جاتاہے۔ ذرائع کے مطابق گرفتارسید مجتبی حیدر قیصر، یاور اور فرہاد سے تفتیش جاری ہے، ملزمان کا تعلق مبینہ طور پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن تہران سے ہے، گرفتار ملزمان کو بیرون ملک سے سپورٹ حاصل ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ 5 جنوری کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مولانا مسعود الرحمن عثمانی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔