اسلام آبا د(نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو 27 دسمبر سے انتخابی مہم میں سرگرم ہے،آصفہ بھٹو زرداری بھی میدان میں اتری ہوئی ہیں،آصف علی زرداری آج لاہور میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے الیکشن آفس کا افتتاح کریں گے ،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صرف پنجاب کے حلقوں میں پیپلز پارٹی کے ارکان کے انتخابی نشان میں ردوبدل ہوا تھا،ابھی تک پنجاب کے ہمارے تین امیدواروں کو تیر کا انتخاب نہیں دیا گیا، ہمارے امیدواروں کو فوری طور پر تیر کا نشان الاٹ کیا جائے، الیکشن میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں بنتا، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے اپنے منشور کے 10 نکات عوام کے سامنے رکھے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری معاشی منصوبے کا ڈھانچہ متعارف کیا ہے، شیری رحمان کا کہنا تھا کہ عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ کون ان کو مسائل اور بحرانوں سے نکال سکتا ہے، پیپلز پارٹی نے این ایف سی، بی آئی سی پی، 18ویں ترمیم، سی پیک جیسے تاریخی کام کئے، ابھی بھی ہم متاثر اور مظلوم طبقات کو ترجیح دے رہے ہیں، تحریک انصاف کے نشان کا معاملہ بالکل الگ ہے، ان کے وکلاءعدالت میں اپنا کیس پیش نہیں کر سکے،جلسوں اور انتخابات کے ماحول میں جائز تنقید ہر جماعت کا حق ہے، ہم نہیں چاہتے کہ ایک با پھر الیکشن متنازع ہو، انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ ہم لیول پلینگ فیلڈ کا مطالبہ نا کریں،ایران سے حملہ بہت تشویش کا باعث ہے، ہم اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ ایک حساس معاملہ ہے، غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی ہو رہی ہے، یہ وقت نہیں کہ مسلم ممالک آپس میں کشیدگی بڑھائیں، ہمیں اپنے مسائل سفارتی فورمز کے ذریعے حل کرنے چاہئے، لہذا مسلم ممالک کو یکجہتی کا سوچنا چاہئے، تقسیم کا نہیں۔