فیصل آباد(نمائندہ خصوصی)ملک میں بجلی کی پیداوار میں دسمبر کے دوران سالانہ بنیادوں پر 9 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ نیپرا اور ٹاپ لائن ریسرچ کے اعدادوشمار کے مطابق دسمبر میں ملک میں 7ہزار 626 گیگا واٹ آورز بجلی کی پیداوار ہوئی جو دسمبر 2022 کے مقابلے میں 9 فیصد کم ہے۔ دسمبر 2022 میں ملک میں 8ہزار 417 گیگا واٹ آورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی تھی۔نومبر کے مقابلے میں دسمبر میں بجلی کی پیداوار میں ماہانہ بنیادوں پر ایک فیصد کا اضافہ ہوا۔نومبر میں ملک میں 7 ہزار 548 گیگا واٹ آورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی تھی۔ جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ملک میں مجموعی طور پر 68 ہزار 887 گیگا واٹ آورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی تھی۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 68 ہزار 571 گیگا واٹ آورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی تھی۔اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں بجلی کی مجموعی قومی پیداوار میں پن بجلی کا حصہ 32.2 فیصد، کوئلہ14 فیصد، نیوکلیئر 18.9 فیصد، آر ایل این جی 14.2 فیصد، گیس 11.3 فیصد، فرنس آئل 4.6 فیصد، ہوا 2.9 فیصد، سولر 0.7 فیصد، ہائی سپیڈ ڈیزل 0.3 فیصد اور دیگر ذرائع سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 0.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔