اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات کیلئے آئینی تقاضے پورے کرچکا ہے اور عوام کو ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کرنا ہماری ذمے داری ہے۔ غیر ملکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان 4 دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے لیکن غیرقانونی مقیم غیرملکی پاکستان کی سکیورٹی کیلئے خطرہ ہیں لہٰذا پاکستان میں جو بھی آئے گا وہ قانونی دستاویزات کے ساتھ داخل ہوگا۔ عام انتخابات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن سے پہلے قیاس آرائیاں ہوتی ہیں مگر پاکستان میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، عوام کو ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کرنا ہماری ذمے داری ہے، الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات کیلئے آئینی تقاضے پورے کرچکا ہے اور انتخابات کے دوران عالمی مبصرین بھی پاکستان آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے، آئی ایم ایف کی شرائط پوری کررہے ہیں، اقتصادی اعشاریوں کو صحیح سمت میں گامزن کرنے کیلئے معاشی اصلاحات ضروری ہیں۔ نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے، خطے کی صورتحال میں پاکستان کابہت اہم کردار ہے، چین کے ساتھ ہمارے اسٹریٹیجک تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہورہے ہیں۔ دوسری جانب نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ملک کے گورننس سٹریکچرمیں کچھ چیلنجز درپیش ہیں تاہم طرز حکمرانی بتدریج بہتر ہورہا ہے ۔ چوبیس کروڑ آبادی والا پاکستان ایک عظیم ملک ہے جو کہ ایشیا کا دل بھی ہے ۔ ٹیکس نظام میں اصلاحات لارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف پاکستانی شخصیات ، عالمی دانشور ، مصنفین اور دیگر کی پاتھ فائنڈر بریک فاسٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔ انہوں نے کہا تقریب میں مدعو کرنے پر منتظمین کا شکر گزار ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ چوبیس کروڑ آبادی والا پاکستان ایک عظیم ملک ہے ۔ جو کہ ایشیا کا دل ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان دنیا بھر میں راہداری کے لئے اہم ہے ۔ محل وقوع کے اعتبار سے بھی پاکستان اہم تجار تی سنگم پر موجود ہے ۔ انہوں نے کہا قدرت نے پاکستان کو بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے ۔ ہماری نوجوان آبای ہمارا قیمتی اثاثہ ہے ۔ ساٹھ فیصد آبادی تیس سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان سیاحت کے لئے بھی بہتر ین ملک ہے ۔ انہوں نے کہا ملک میں گورننس سے متعلق درپیش چیلنجز کا مقابلہ کر رہے ہیں ۔ طرز حکمرانی بتدریج بہتر ہوتا جا رہا ہے ۔ ٹیکس نظام میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی ایک زبان یا مذہب والوں کا ملک نہیں بلکہ اس میں مختلف قومیں بستی ہیں ۔