کراچی(بیورو رپورٹ ) نگراں صوبائی وزیر ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی ارشد ولی محمد کی خصوصی ہدایات پر ادارہ تحفط ماحولیات سندھ (سیپا) کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل وارث علی گبول نے صوبے میں ناقابل تحلیل پلاسٹک بیگز کی تیاری، فروخت، خریداری اور استعمال پر پہلے سے لگی ہوئی پابندی کے نفاذ پر سختی سے عملدرآمد کے لیے تمام ریجن اور اضلاع کے لیے کل پچیس چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں.
تشکیل کردہ ٹیمیں چھوٹی بڑی مارکیٹوں، شاپنگ سینٹر، بازاروں اور دکانوں کے روزانہ کی بنیاد پر دورے کریں گی اور ممنوعہ پلاسٹک بیگز میں سودا سلف دینے والے دکانداروں کے خلاف موقع پر ہی قانونی کارروائی کریں گی۔ ,اس حوالے سے فیصلے پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے کراچی کے ضلع جنوبی کی چھاپہ مار ٹیم نے جوڑیا بازار کے کھوڑی گارڈن، یوسف مارکیٹ، انجم سینٹراور برہانی سینٹر کا دورہ کیا۔ واضح رہے کہ صوبے بھر میں ناقابل تحلیل(نان بائیوڈیگریڈیبل) پلاسٹک بیگز کی تیاری، فروخت، خریداری اور استعمال پر پابندی عائد ہے جس پر عملدرآمد کے لیے سیپا کی ٹیمیں اکثر و بیشتر کارروائی کرتی رہتی ہیں۔ تاہم نگراں صوبائی وزیر ماحولیات ارشد ولی محمد سیپا کے مختلف شعبہ جات کو فعال کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اُن کی خصوصی ہدایات پر اب مذکورہ پابندی کے نفاذ کی بھی مستقل بنیادوں پر نگرانی کی جاتی رہے گی۔ جبکہ اس سے قبل نگراں وزیر موصوف کی ہی تاکید پر سندھ بھر میں دھواں دینے والی گاڑیوں کے خلاف باقاعدگی سے کارروائی جاری ہے۔ اس کے علاوہ دیگر ماحولیاتی امور میں بھی ماحولیاتی قوانین کی بالا دستی کو یقینی بنایا جارہاہے۔