کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان کوسٹ گارڈزکو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ پسنی(بلوچستان) سے بھاری مقدار میں منشیات اسمگل ہونے کا خدشہ ہے ،جس کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز نے متعلقہ کمانڈر کو اپنے علاقے میں چیکنگ مزیدسخت کرنے کے احکامات جاری کیے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کے علاقہ کمانڈرنے موبائل گشت پارٹیاں تشکیل دے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا اور دوران سرچ پسنی کے علاقے کولانچ کے پہاڑوں میں چھپائی گئی1755 کلو گرام اعلی کوالٹی کی چرس برآمد کر لی گئی۔خدشہ ہے کہ یہ منشیات بیرون ملک اسمگل ہونا تھی۔پکڑی جانے والی منشیات کی عا لمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 29.28 ملین ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈزنے جوانوں کی اس محنت اور اعلیٰ کارکردگی کو بے حد سراہا۔ واضح رہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی منشیات اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔ اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کر تی رہے گی۔