لاڑکانہ(رپورٹ: محمد عاشق پٹھان) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں بڑھتی مہنگائی، بیروزگاری، غربت اور دیگر مسائل کا سبب مشرف، بانی پی ٹی آئی اور شہباز شریف کو قرار دیتے ہوئے عام انتخابات سے قبل پیپلز پارٹی کے دس نکاتی منشور عوامی معاشی معاہدہ جاری کر دیا ہے، لاڑکانہ شہر کے بیگم نصرت بھٹو میموریل لائیبریری آڈیٹوریم ہال میں پیپلز پارٹی کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے ملک بھر کے مزدوروں، کسانوں، خواتین اور پینشنرز سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے لئے قابل عمل منشور پیش کرتے ہوئے وعدہ کیا ہے کہ وہ حکومت میں آ کر عوامی مسائل حل کریں گے، تعلیم سب کے لیے مفت ہوگی، صحت کی سہولیات ملک کے کونے کونے تک پہنچائیں گے، ماحولیاتی تبدیلی، سستی بجلی کے لیے مقامی سبز توانائی، مفت تعلیم، صحت اور گھر سب کے لیے کے علاوہ غربت کے خاتمے کے لئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں توسیع کے وعدے بھی کئے، بلاول بھٹو نے نوجوانوں کے مستقبل، بھوک کے خاتمے کی یقین دہانی سمیت کچے میں آباد جرائم پیشہ افراد کو ہتھیار چھوڑنے کی دعوت دیتے ہوئے کچے کی خواتین کو زمین اور مالکانہ حقوق دینے کا بھی وعدہ کیا، بلاول بھٹو کی جانب سے منشور پیش کرنے کے دوران کارکنان نے وزیر اعظم بلاول کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے، بلاول بھٹو نے قوم سے وعدہ کیا کہ حکومت میں آ کر نہ صرف اشرافیہ پر خرچ ہونے والے پندرہ سو ارب روپے عوام پر خرچ کریں گے بلکہ 18 ویں ترمیم کے تحت صوبوں کو نہ دی گئی 17 وزارتوں کو صوبوں کے زیر دست کریں گے، انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے ریوینیو بڑھانے کا پلان بھی موجود ہے، بلاول بھٹو زرداری کے پیش کردہ منشور کو عوام کافی سراہا رہے ہیں