کراچی/ لاہور (نمائندہ خصوصی) یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا(Dr. Riina Kionka)نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس پاکستان کی معیشت کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پاکستان فارما سیوٹیکل انڈسٹری کی ممتاز شخصیت عاطف اقبال سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ عاطف اقبال نے جی ایس پی پلس کی مدت میں توسیع پر یورپی یونین کی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور تجویز پیش کی کہ پاکستان کی فارما سیوٹیکل کی ٹریڈ چاہے وہ امپورٹ یا ایکسپورٹ کی صورت میں ہواس کو بھی یورپی یونین میں ترجیح دی جائے اور یہ اقدام پاکستانی معیشت کے لئے گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے ۔یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا(Dr. Riina Kionka)نے کہا کہ پاکستانی کمپنیوں اور حکومتی اداروں میں یورپی یونین کے جی ایس پی پلس کا اسٹیٹس بر قرار رکھنے کےلئے چار ترجیحی معیارات انسانی حقوق ،چائلڈ لیبر کے خاتمے ، لیبر کے حقوق ،ماحولیات کے معیارات اور گڈ گورننس کے بارے میں آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ فارما سیوٹیکل کی ٹریڈ کو بھی ترجیح دینے کی تجویز اچھی ہے ۔ پاکستان کی فارما سیوٹیکل انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور اگر پاکستان کی فارما سیوٹیکل انڈسٹری کی یورپی یونین ممالک کے ساتھ اچھے پیمانے پر تجارت شروع ہو جاتی ہے تو اس سے روزگار کے مواقع ، زر مبادلہ کمانے اور فارما سیوٹیکل انڈسٹری کو ترقی دینے میںبہت مدد مل سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس پاکستان کی معیشت کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،جی ایس پی پلس گزشتہ 10 سال کے دوران معاشی لحاظ سے انتہائی مثبت اور مفید رہا ہے کیونکہ اس نے یورپی یونین کو پاکستان کی برآمدات میں 108 فیصد اضافہ کرنے میں مدد کی ہے۔ عاطف اقبال نے بتایا کہ یورپی یونین کی سفیر نے پاکستان کی فارما سیوٹیکل کی انڈسٹری کے ساتھ تجارت بڑھانے پر غورکا عندیہ دیا ہے ۔