راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے حلق این اے 56 سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا۔ لال حویلی کے باہر سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، شیخ راشد شفیق اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے، کارکنوں کی جانب سے والہانہ استقبال اور گل پاشی کی گئی۔ راولپنڈی کے عوام کے نام اہم پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں کسی کا ساتھ نہیں چھوڑا، پاکستان کا واحد سیاستدان ہوں جس نے کوئی پریس کانفرنس نہیں کی، کسی کے خلاف غیر پارلیمانی، نازیبا زبان استعمال نہ کی اور نہ ہی کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 60 تعلیمی ادارے اور چار یونیورسٹیاں بنائی، راولپنڈی کے عوام نالہ لئی پروجیکٹ اور ڈھوک دلال کالج، ماہ بچہ ہسپتال کو مکمل کرنے کیلئے آٹھ فروری کو این اے 56 اور 57 سے قلم دوات پر مہر لگائیں۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ ذہنی فیصلہ کرتے وقت دیکھنا ہوگا اس شہر کی خدمت کس سیاست دان نے کی اور کرے گا، قلم دوات جیتے گی، خدمت کے سابقہ ریکارڈ بھی توڑ دیئے جائیں گے۔