اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کچھ ممالک دوریاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ افغان سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا دونوں ممالک ٹی ٹی پی کے معاملے پر بڑے سنجیدہ ہیں، دونوں ممالک مل بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کچھ ممالک دوریاں پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن ہمیں اب پرانی ناراضگیاں ختم کرکے آگے بڑھنا ہے۔یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے حال ہی میں افغانستان کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے طالبان رہنماوں سے ملاقات کر کے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر کرنے کے معاملے پر گفتگو کی ۔