اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے کی ڈائمنڈ جوبلی
کی خوشیوں اور مبارک موقع پر ”عزم عالی شان، شاد رہے پاکستان“کے عنوان سے خصوصی ”لوگو“جاری کردیا ہے۔ اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ یہ پاکستان سے محبت اور اس عزم کی تجدید ہے کہ ہمارے بہادر اور عظیم بزرگوں اور شہداءنے جس عزم سے پاکستان بنایا تھا۔انہوںنے کہاکہ اسی عزم کے ساتھ معاشی طور پر اسے مظبوط اور خودانحصار، فلاحی مملکت اور دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنائیں گے
تاکہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد حاصل ہوں اور عوام کی زندگیوں میں وہ آسانیاں آئیں جن کا خواب برصغیر کے مسلمانوں نے دیکھا تھا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ معاشی خود انحصاری کے وڑن سے پاکستان کے نوجوان حقیقی معنوں میں قوم کے معمار بنیں گے، قومی ترقی کے ثمرات پائیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ تعلیم، روزگار، کاروبار اور زندگی کے تمام شعبوں میں ہراول دستہ بنیں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ ہم اپنے نوجوانوں کو فیصلہ ساز بنائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ قیام پاکستان کی طرح ایک اسلامی فلاحی، ترقی یافتہ اور معاشی طور پر خودمختار پاکستان کا خواب بھی سچ ہو کر رہے گا۔