کراچی(نیوز ڈیسک)سابق وزیراعظم شہباز شریف نے مصطفی کمال کیلئے کراچی کی سیٹ چھوڑ دی، ق لیگ نے ن سے انتخابی اتحاد نہ کرنے کا اعلان کردیا، منہاج القرآن نے پی پی کی حمایت کردی، کراچی سے بڑے نام الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہیں، بی این پی نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے کمیٹی بنادی، تحریک انصاف نے کراچی سے، ن لیگ نے لاہور سے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا اعلان کردیا. الیکشن کمیشن نے انتخابی نشانات کی فہرستیں ریٹرننگ افسران کو بھجوادیں، سیاسی جماعتوں کو 145 نشانات مخصوص، بلا موجود نہیں، آزاد امیدواروں کو بھی 177 انتخابی نشانات مل گئے، تفصیلات کے مطابق ن لیگ کےصدر شہباز شریف کراچی میں این اے 242 سے دستبردار ہوگئے وہ پنجاب سے الیکشن لڑیں گے ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال کا پارٹی ٹکٹ این اے 242 سے جمع کرا دیا گیا جس پر مسلملیگ (ن) کی قیادت نے اظہار ناراضی کیا ہے۔ن لیگ کے رہنما رانا مشہود نے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے۔ دریں اثنامسلم لیگ (ق) نے مسلم لیگ (ن)سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔یہ فیصلہ چوہدری شجاعت کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ ق لیگ کے مطابق ن لیگ نے ہمارے مطلوبہ حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کر دیئے ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان عوامی تحریک نے پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا۔ سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی این اے 127 میں بھرپور حمایت اور جلسہ کریں گے، پیپلز پارٹی کیلئے ہماری حمایت اس حلقے میں نظر آئے گی۔ دوسری جانب انتخابات میں کئی بڑے نام کراچی سے میدان میں اترنے کیلئے تیار ہیں۔