کراچی(بیورو رپورٹ)ملک سے ٹیکنالوجی کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 11ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 25 فیصد کی نموریکارڈ کی گئی ہے۔وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے بتایا کہ جولائی سے مئی 2022 تک کی مدت میں ٹیکنالوجی کی برآمدات سے ملک کو2 ارب 38 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 25فیصد زیادہ ہے۔
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے بتایا کہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران آئی ٹی ایکسپورٹ کا حجم ایک ارب 89 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز تھا۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے بتایا کہ مئی 2022 کے دوران آئی ٹی ایکسپورٹ کا حجم 18 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز رہا ہے۔انہوں نے بتایاکہ وزیراعظم کی ہدایت پر آئی ٹی ایکسپورٹ کو ریکارڈ سطح پر لے جانے کیلئے اقدامات کررہے۔
امین الحق نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری کو دیئے گئے ٹیکس ریلیف کا نفاذ ہونے ہونے سے معاملات بہتری کی طرف جائیں گے تاہم آئی ٹی سیکٹر سے خاطر خواہ نتائج کیلئے ٹیلی کام سیکٹرز کو ریلیف دینا ناگزیر ہے۔وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہاکہ اگر ٹیلی کام سیکٹر پر ٹیکسز کا نفاذ کم نہیں کیا گیا تو اس کے ساتھ آئی ٹی سیکٹر بھی بری طرح متاثر ہوگا۔