راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)اسلام آباد کی خصوصی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور ان کی اہلیہ بشریٰ بیگم کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس میں فرد جرم عائد کر دی ہے عدالت نے ملزمان کو فردجرم پڑھ کر سنائی تاہم ملزمان نے فردجرم کی صحت سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس کے باقاعدہ ٹرائل کے لئے استغاثہ کے 12 گواہان کو آج (بروزبدھ)کو طلب کرلیا ہے عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق چیئرمین کی درخواست ضمانت پر بھی فیصلہ محفوظ کرلیاہے گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور ان کی اہلیہ بشریٰ بیگم اپنے وکلاشعیب شاہین اوربیرسٹر عمیر نیازی کے ہمراہ عدالت میں موجود تھے جبکہ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی، امجد پرویز، سپیشل پراسیکیوٹرز عرفان بھولا، سہیل عارف اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے سابق چیئرمین اور ان کی اہلیہ پر عائد فرد جرم میں کہا گیا ہے کہ وزرات عظمیٰ کے دوران سابق چیئرمین اور بشریٰ بیگم کو مختلف سربراہان مملکت کی طرف سے 108 تحائف ملے ملزمان نے 108 تحائف میں سے 58 قیمتی تحائف خود رکھ لئے جس پرچیئرمین نیب نے توشہ خانہ ریفرنس میں تحقیقات شروع کرنے کے احکامات دیئے جس میں یہ بات سامنے آئی کہ بشریٰ بیگم نے 108 تحائف میں سے14 کروڑ روپے مالیت کے 58 تحائف اپنے پاس رکھے اسی طرح سابق چیئرمین نے سعودی ولی عہد سے موصول ہونے والا طلائی سیٹ انتہائی کم رقم کے عوض رکھا توشہ خانہ قوانین کے مطابق تمام تحائف توشہ خانہ میں رپورٹ کرنے لازم ہیں تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ بشریٰ بیگم کو سعودی ولی عہد سے تحفے میں ملنے والاطلائی سیٹ ملٹری سیکرٹری کے ذریعے توشہ خانہ میں رپورٹ تو ہوا لیکن جمع نہیں کرایا گیا بشریٰ بیگم اور سابق چیئرمین نے توشہ خانہ قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اس طرح سابق چیئرمین اور بشریٰ بیگم نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے تحائف کی من پسند قیمت لگوائی دونوں ملزمان نے طلائی سیٹ کی 90 لاکھ روپے ادائیگی کی، تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ اس سیٹ کی قیمت پرائیویٹ شخص سے لگوائی گئی جو اصل قیمت سے انتہائی کم تھی طلائی سیٹ کی قیمت لگانے کیلئے دبئی کے ماہر سے بھی رابط کیا گیااس طرح دونوں میاں بیوی نے قومی خزانے 15 سو 73 ملین روپے کا نقصان پہنچایا فرد جرم میں کہا گیا ہے کہ تمام مطلوبہ شواہد، دستاویزی ثبوت اور انکوئری رپورٹ کی روشنی میں ملزمان کے خلاف ٹرائل شروع کیا جائے جس پر عدالت نے گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت آج (بروز بدھ)تک ملتوی کر دی توشہ خانہ ریفرنس میں نیب سابق چیئرمین اور بشری بیگم کیخلاف 20 گواہ پیش کرے گا جن میں تحفے کا پرائیویٹ طور پر تخمینہ لگانے والے وعدہ معاف گواہ صہیب عباسی کے علاوہ سابق وزیراعظم کے ملٹری سیکریٹری اور ڈپٹی ایم ایس، ڈپٹی قونصلیٹ جنرل دبئی رحیم اللہ، توشہ خانہ کے سیکشن افسران،وزیر اعظم آفس کے اسسٹنٹ سیکریٹری پروٹوکول زاہد سرفراز شامل ہیں، دریں اثنا عدالت نے سابق چیئرمین کی درخواست ضمانت پر سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔