راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر نے اپنے دوروزہ سرکاری دورہ بحرین میں بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن حمد الخلیفہ، بحرین ڈیفنس فورسز کے کمانڈر فیلڈ مارشل خلیفہ بن احمد الخلیفہ اور بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر ایچ ایچ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقاتیں کی ہیں ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ فوجی اور سیکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بحرین کی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔ آرمی چیف بحرین نیشنل گارڈ کے 27ویں یوم تاسیس کے مہمان خصوصی بھی تھے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا اور انسداد دہشت گردی کی تربیتی مشق سے متعلق ایک مظاہرے کا مشاہدہ کیا۔کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے بحرین نیشنل گارڈ کو ملٹری اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔بحرین کے بادشاہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے میں اہم کوششوں اور تعاون کے اعتراف میں آرمی چیف کو بحرین فرسٹ کلاس کا ملٹری میڈل آرڈر بھی دیا۔