اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم نے وزارت توانائی کو ہدایت کی کہ کے الیکٹرک کے دیگر مسائل کا باہمی مشاورت سے مستقل حل نکالا جائے، بجلی صارفین کی قوت خرید اور ان کی بہبود پالیسی کا محور ہونا چاہیے،ان خیالات کا اظہار انہوںنے کراچی الیکٹرک (K.E) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس عبداللہ علوی کی قیادت میں کے الیکٹرک کے وفد سے ملاقات میں کئے۔ وفد نے وزیراعظم کا کے الیکٹرک کے دیرینہ مسائل حل کرنے پر شکریہ ادا کیا.وفد نے کے الیکٹرک کے لیے 390 ارب روپے کے سرمایہ کاری پلان اور قابل تجدید توانائی کے 640 میگاواٹ کے منصوبوں کے لیے نرخوں کی منظوری اور 1000 میگا واٹ اضافی بجلی کی فراہمی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔نگران وزیراعظم نے کہاکہ حکومت اور کے الیکٹرک کے باہمی تعاون سے کراچی کے لیے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی،وفد نے کہا کہ وزیراعظم اقدامات سے سرمایہ کاروں کو مثبت پیغام ملا ہے، اجلاس میں وزیراعظم کو کے الیکٹرک کے مختلف امور پر بریفنگ دی گئی ۔وفد میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کے الیکٹرک مونس عبداللہ علوی، چیف فائنانس آفیسر کے الیکٹرک عامر غزینی اور ریگولیٹری آفیسر کے الیکٹرک عمران قریشی شامل تھے۔اجلاس میں نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی، چئیرمین نیپرا وسیم مختار، چیف ایگزیکٹو آفیسر سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی ریحان اختر اور دیگر اعلیٰ افسران شریک تھے۔